عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں چار ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ ماہرین کے مطابق بھارت اورچین کی جانب سے طلب میں اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
جمعرات کے روز لندن میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 0.5فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1165.22 ڈالر فی اونس میں طے پائے جو 9دسمبرکے بعد اب تک کی سب سے بلندترین قیمت ہے۔ یو ایس گولڈ فیوچرز کے تحت فی اونس قیمت میں 3.80ڈالر کا اضافہ ہوا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1165.90ڈالر فی اونس میں طے پائے۔
امریکا میں سونے کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1159.06 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔ ایشیائی منڈیوں میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 0.3 اور یو ایس گولڈ فیوچرز کی شرح میں 0.1فیصد کا اضافہ ہوا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے بالترتیب1162.68 اور1163.20 ڈالرف فی اونس میں طے پائے۔