سخت سردی کے سبب یورپی شہروں میں معمولات زندگی درہم برہم

208

طوفانی ہواؤں اور سخت سردی کی لہر کے باعث کئی یورپی شہروں میں روز مرہ کی زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق منفی درجہ حرارت اور شدید برفباری کے نتیجے میں کئی مقامات پر سڑکیں بلاک ہونے اور حادثات کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔ مغربی جرمنی میں گاڑی کے ایک حادثے میں ایک بیس سالہ شخص ہلاک ہوا ہے، جبکہ جنوبی حصے میں دو ٹرکوں کے تصادم میں قریب پانچ لاکھ یورو کا نقصان ہوا ہے۔

سویڈن میں ایک ریل گاڑی کے انجن میں نقص کی وجہ سے قریب ایک سو مسافروں کو رات ایک چھوٹے سے اسٹیشن پر گزارنا پڑی۔ جرمنی کے محکمہ موسمیات کے مطابق کچھ مقامات پر منفی بیس سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت اور 123 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ طوفائی ہواؤں کا یہ سلسلہ اب بیلاروس کی جانب بڑھ رہا ہے۔