ایپل کے ایپ سٹور پر ایپس کی فروخت میں 40 فیصد اضافہ

206

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال میں اس کے ایپ سٹور کے ذریعے اپنی ایپس فروخت کرنے والوں کو ریکارڈ منافع ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایپل کے ذریعے ایپس فروخت کرنے والوں نے سال 2016ء میں ریکارڈ 20 ارب ڈالر کمائے جو کہ گذشتہ سال کی نسبت 40 فیصد زیادہ ہے۔اس دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ایپس میں گیمز تھیں جن میں پوکے مون گو اور سپر ماریو شامل ہیں۔ایپ سٹور کے لیے نئے سال کا آغاز بھی خاصا بہتر رہا ہے۔

صرف سال نو کے پہلے روز صارفین نے 240 ملین ڈالر ایپ سٹور پر خرچ کیے۔واضح رہے کہ 2008ء میں جب ایپ سٹور پہلی بار متعارف کروایا گیا تھا تب سے ایپس بنانے والوں کو کل 60 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی ہے جبکہ صرف گذشتہ سال انھیں 20 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی۔