آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم نے لگاتار پانچ ٹیسٹ میچوں میں شکست کا اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ کر مسلسل چھٹی شکست بھی اپنے نام کر لی۔
جیت کی آس لیے آسٹریلیا جانے والی مصباح الحق الیون نیوزی لینڈ میں ناقص کارکردگی کے بعد کینگروز کے دیس میں بھی ناکامیوں کے گرداب سے نہ نکل سکی اور آسٹریلیا نے پاکستان کو مسلسل چوتھی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ یہ پاکستان کی ٹیسٹ میچوں میں لگاتار چھٹی شکست ہے جہاں پہلے پاکستان کو کبھی بھی مسلسل اتنے ٹیسٹ میچوں میں شکست نہیں ہوئی۔
پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ناکامی کے بعد نیوزی لینڈ سے کلین سوئپ ہوا اور پھر آسٹریلیا نے بھی اپنے پڑوسی ملک کی پیروی کرتے ہوئے مہمان ٹیم پر 3۔0 سے ہاتھ صاف کیا۔ اس سے قبل 1999۔2000 میں پاکستان کو مسلسل پانچ ٹیسٹ میچوں شکست ہوئی تھی جو سب سے بدترین ریکارڈ تھا جب آسٹریلیا سے تین اور سری لنکا سے دو میچوں میں ہارنا پڑا تھا۔
یہ پاکستان کی آسٹریلیا میں لگاتار 12ویں ٹیسٹ میچ میں شکست اور چوتھی ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ ہے۔ اس سے قبل 1999۔2000 میں وسیم اکرم، 05۔2004 میں انضمام الحق، 10۔2009 میں محمد یوسف اور اب چھ سال بعد مصباح الحق کی زیر قیادت پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں سیریز میں کلین سوئپ ہوا۔
پاکستان نے آسٹریلیا میں بارہ سیریز کھیلیں جس میں سے تین سیریز ڈرا ہوئیں اور نو ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ گزشتہ آٹھ سیریز میں آسٹریلیا نے اپنے دیس میں پاکستان کو مسلسل شکست دیتے ہوئے اپنی سرزمین پر آؤٹ کلاس کر دیا ۔