امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم کا کہنا ہے کہ اے پی پی کے پنشنرز کو پنشن میں 10 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ بجٹ 2015-16 ءمیں مختص کیا گیا11 فیصد بھی دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے اپنے مشترکہ بیان میں سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے پنشنرز کو وفاقی بجٹ 2014-15 ءمیں دیے گئے پنشن میں 10 فیصد اضافہ سے محروم کیے جانے کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیاہے کہ اے پی پی کے بورڈآف ڈائریکٹرزاور ان کے چیئرمین نے ادارہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 2014-15 ءکے بجٹ میں دیا گیا 10 فیصد اضافہ شامل کردیا ہے مگر پنشنرز کو اس اضافہ سے محروم کردیا ہے جو کہ سراسر ظلم اور غیر قانونی اقدام ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پنشنرز کو سالانہ اضافہ سے محروم کر دینا کسی طرح بھی مناسب نہیں ۔ انہوں نے وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ کا فوری نوٹس لیں اور اے پی پی کے پنشنرز سے کی جانے والی زیادتی کا فوری طور پر ازالہ کریں اور پنشنرز کو ان کے حقوق دیں اور ان کے تمام بقایا جات فوری ادا کریں۔