وارم اپ میچ،پاکستانی ٹیم جونیئر کینگروز کے سامنے شیر بن گئی

119

پاکستان نے ایک روزہ وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 196رنز سے مات دیدی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر334رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق ایلن بارڈر فیلڈ برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، اوپنر اسد شفیق 4 رنز بنا سکے، شرجیل خان نے 39 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک ایک رن کے فرق سے ففٹی مکمل نہ کر سکے، انہوں نے 60 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنائے، عمر اکمل نے39 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم 2 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے، انہوں نے 113 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 15، محمد نواز 12 رنز بنا سکے، محمد رضوان 22 اور اظہر علی ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا الیون کی جانب سے ہنری تھارنٹن اور کیمرون گرین نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا الیون 36.2 اووور میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صرف 3 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے، وکٹ کیپر بیٹسمین جوش انگلیز 70 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جیسن سنگھا نے20اور ول پوکووسکی نے10رنز بنائے۔ اوپنر ٹریوس ڈین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، سیم رافیل 4، کپتان ولیم بوسسٹو 3، کلنٹ ہنچلف 4، ول سدر لینڈ 9، کیمرون گرین 8 اور ہنری تھارنٹن 5 رنز بنا سکے، رائلی مراڈتھ 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، عماد وسیم اور شعیب ملک نے 2,2 مہرے کھسکائے جبکہ راحت علی، محمد نواز اور اظہر علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔