پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ٹیسٹ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2سے جیت لی۔مرد میدان یونس خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 171رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ شان مسعود 125اور کپتان مصباح الحق نے 59رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیلی۔
پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے پاچویں دن کھیل کا آگاز ہوا تو پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تاریخی فتح کے لئے 147 رنز درکار تھے اور اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں، پاکستان کی جانب سے شان مسعود 114 اور یونس خان 101 رنز کے ساتھ کریز پر آئے۔ 255 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ کا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا انہوں نے 125 رنز کی اننگز کھیلی۔
چوتھی وکٹ پر یونس خان اور کپتان مصباح الحق نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ مصباح الحق نے نصف سنچری مکمل کی اور چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلادی۔
پاکستان نے سری لنکا میں 9سال بعد ٹیسٹ سیریزجیتی ہے اس سے قبل 2006میں قومی ٹیم نے سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں مات دی تھی۔
پاکستان نے چوتھی اننگز میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ بنا کر 20سالہ پرانا رکارڈ توڑڈالا۔اس سے قبل پاکستان کا چوتھی اننگز میں وننگ اسکور9وکٹ پر 315رنز تھاجو اس نے 1994میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں بنایا تھا۔