روس اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ

153

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں بشرطیکہ دونوں ممالک تعاون کریں۔ٹرمپ نے وال سٹریٹ جرنل سے اپنے انٹرویو میں کہا کہ روس پر عائد حالیہ پابندیاں کچھ عرصے تک قائم رہیں گی لیکن پھر انھیں اٹھایا جا سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر روس شدت پسندی کے خلاف جنگ اور دوسرے معاملوں میں امریکا کی مدد کرتا ہے تو روس پر سے پابندیاں ہٹائی جا سکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر آپ ساتھ چلتے ہیں اور واقعتاً روس ہماری مدد کرتا ہے تو پھر کوئی کسی پر پابندی کیوں لگائے گا جب کوئی واقعی اچھا کام کررہا ہو۔انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ان کی ملاقات طے کی جائے گی۔

چین کے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کو امریکی کمپینوں کو کرنسی کے حوالے سے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے میں شریک ہونے کی اجازت دینی پڑے گی۔انھوں نے ون چائنا پالیسی کے متعلق کہا کہ اس بارے میں بات چیت ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس پالیسی کے تحت امریکا تائیوان کو چین سے علیحدہ تسلیم نہیں کرتا۔واضح رہے کہ اڈونلڈ ترمپ نے گذشتہ مہینے ون چائینا پالیسی پر سوال کیے تھے جس سے چین کے سرکاری میڈیا کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔