حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں سے میکرو اکنامک استحکام میں مدد ملی ہے اور اب ملکی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جسکا ثبوت مثبت اقتصادی اعشاریے ہیں۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ اسکا ثبوت ہے ، 9جنوری 2017ء کو ملک کے زرمبادلہ 23.183ارب ڈالر تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جولائی تا نومبر 2016ء کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی کارکردگی میں 3.24فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2016ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 9459ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی ہیں ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ماہ دسمبر 2016ء کے دوران 7فیصد زائد ٹیکس محصولات کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کی شرح میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ، جس کے نتیجہ میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو میں بہتری ہو رہی ہے ۔ افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ تک محدود کی جاچکی ہے ، رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر کے دوران افراط زر کی شرح 3.88فیصد رہی ہے۔حکام کے مطابق اقتصادی اعشاریوں میں بہتری موجود حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی عکاس ہے ۔