عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے ایک بار پھر اپنے ملک کے شمالی علاقے سے ترک فوج کے فوری اور غیر مشروط انخلا پر زور دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ابراہیم الجعفری نے ترک حکام کے بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، صرف بیانات اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ بغداد ، انقرہ کی جانب سے عملی اقدامات کا منتظر ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے بارہا ترک فوج کی جارحیت کی مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے باضابطہ شکایت بھی کی ہے۔ ترکی نے2015 کے اواخر میں، غیر قانونی طور پر اپنے سیکڑوں فوجی، عراق کے شہر موصل کے نواحی علاقے بعشیقہ میں داخل کردیئے تھے۔