میلبورن:دوسرا ون ڈے،پاکستان نے آسٹریلیا کو 6وکٹ سے ہرادیا

232

پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ گرین شرٹس نے 221 رنز کا ہدف 47.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد حفیظ نے 72 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شعیب ملک 42 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ محمد حفیط کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جو غلط ثابت ہوا، آسٹریلیا کو پہلا نقصان 31 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب ڈیوڈ وارنر 16 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں جنید خان نے عثمان خواجہ کو 17 کے مجموعی اسکور پر آﺅٹ کرکے پاکستان کو دوسری کامیابی دلا دی، مچل مارش کو صفر پر محمد عامر نے آﺅٹ کرکے آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، 86 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گر گئی جب تراوس ہیڈ 29 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا نشانہ بن گئے۔ گلین میکسویل پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کپتان اسٹیون اسمتھ نے 60 رنز بنائے، انہیں بھی عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا، اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 220 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ میتھیو ویڈ 35 ، مچل سٹارک تین، پیٹ کمنز صفر اور جیمز فوکنر 19 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین، جنید خان اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے ہدف قائم مقام کپتان محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 47.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد حفیظ نے 8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شعیب ملک نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 34 ، شرجیل خان 29 اور اسد شفیق 13 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کیطرف سے مچل سٹارک اور جیمز فوکنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔