چھ ماہ کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 9 فیصد اضافہ

214

رواں مالی سال 2016-17ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا دسمبر 2016ء کے دوران 19.9 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 18.2 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ( اے پی سی ایم اے ) کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں بھی 11فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی مقامی فروخٹ میں بالترتیب 10اور 16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیمنٹ ساز ادارے اپنی مجموعی پیداواری استعداد کار کے 90 فیصد سے زائد پیداوار حاصل کررہے ہیں جبکہ نومبر 2016ء کے دوران سیمنٹ کی ملکی صنعت نے پیداواری استعداد کے مقابلہ میں 99 فیصد استفادہ کیا ہے جس سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے اضافہ کی عکاسی ہوتی ہے( اے پی سی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں پہلے چھ ماہ کے دوران سیمنٹ کی ملکی برآمدات میں 0.7 فیصد کی کمی واقع ہے۔

سیمنٹ کی بھارت کو کی جانے والی برآمدات رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 99 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔تعمیرات کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہدری منصوبے (سی پیک ) کے تحت بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کی تعمیر اور ہاؤسنگ کے شعبہ میں تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث سیمنٹ کی مقامی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ کی ترقی سے اس سے جڑی بیس سے زائد دیگر صنعتوں کی ترقی میں بھی مدد حاصل ہوگی اور ملک میں کاروباری ‘ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں معاونت حاصل ہونے سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔