امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کے استعمال سے ذیابیطس،امراض قلب اور مثانے کے کینسر سمیت کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
اوہایو یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے جس میں وٹامن اے، سی اور فولک ایسڈ کی مقدار ہوتی ہے جو انسان کو کینسر، بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ٹماٹر میں موجود وٹامن سی اور دیگر خصوصیات جسم میں بننے والے کینسر کے جرثوموں کے خلاف مزاحمت کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔
ٹماٹر میں موجود سوڈیم کی کم مقدار بلند فشارخون کو کنٹرول میں رکھتی ہے جب کہ اس میں پوٹاشیم کی مقدار خون کی بہتر انداز میں گردش کو درست رکھتی ہے۔
جدید مطالعے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایسے افراد جوذیابیطس کی ٹائپ ون میں مبتلا ہوتے ہیں وہ فائبر کا استعمال بہت کرتے ہیں جس سے ان میں بلڈ گلوکوز لیول کم ہوجاتا ہے جب کہ ذیابیطس کی ٹائپ ٹو میں مبتلا افراد اپنی خوراک میں ٹماٹر کا استعمال کرکے خون میں شامل شوگر کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مثانے کے کینسر سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر میں موجود فائبر، پوٹاشیم، وٹامن سی اور فیٹی ایسڈ دل کے امراض کو کنٹرول میں رکھتا ہے، روزانہ 3 ٹماٹروں کے استعمال سے انسانی جسم میں فولک ایسڈ کی بھاری مقدار جمع ہوجاتی ہے جس سے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات میں کافی حد تک کمی واقع ہوجاتی ہے۔