وزیراعظم نے سچ بولا تو استثنیٰ کیوں مانگ رہے ہیں، عمران خان

185

 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ (ن) لیگ کا تاثر ہے کہ عمران خان کو برا ثابت کرو تاکہ بادشاہ سلامت بچ جائیں،وزیراعظم نے سچ بولا تو استثنیٰ کیوں مانگ رہے ہیں،(ن) لیگ عدالت کو دھمکیاں دینے کی بجائے منی ٹریل پیش کرے،موٹو گینگ ملک کے پیسے سے کرپشن نہیں چھپا سکتا۔

جمعرات کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کا تاثر ہے کہ عمران خان کو برا ثابت کرو تاکہ وزیراعظم نوازشریف بچ جائیں،پہلی بار نوازلیگ پھنس گئی ہے،ہم کوئی انتخابی مہم نہیں چلارہے ہیں،پیسہ پاکستان سے باہر گیا،اس کا جواب دیا جائے،یہاں آکر کبھی ایک اور کبھی دوسری بات کرتے ہیں،مجھے برا بھلا کہہ کر نوازشریف کو بچایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور کرپشن کرنیوالوں کو استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔

باہر کے ملکوں میں حکمرانوں کو صادق اور امین ہوناپڑتا ہے،اگر آپ کرپٹ ہیں تو عوام کے پیسے کی رکھوالی کیسے کریں گے،آپ نے پارلیمنٹ میں سچ بولا تو اب استثنیٰ کیوں مانگ رہے ہیں،منی ٹریل پیش کرنا پڑے گی،وزیراعظم کی جانب سے ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے،پہلے کہا گیا کہ کاروبار مشترکہ ہے مگر اب سب کے وکیل الگ الگ ہیں۔عمران خان نے کہاکہ رانا ثناء اللہ نے سپریم کورٹ کو دھمکی دی کہ فیصلہ خلاف آیا تو سڑکوں پر ہوں گے اور اسی جماعت نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا تھا،انہیں ڈر ہے کہ فیصلہ ان کے خلاف نہ آجائے اسی لیے دھمکی دے رہے ہیں کہ محدود ہوجائیں۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز ہی لندن فلیٹس کی اصل مالک ہیں،ہمارا صرف ایک ڈاکومنٹ ہے جس کی تصدیق کی ضرورت ہے اور وہ تصدیق ہم دینگے،میں صرف یہ کہتا ہوں نوازشریف کرپٹ ہیں،30 سال سے کہہ رہا ہوں اور یہ بات ان کو بری لگتی ہے جس کی بناء پر مجھے ذلیل کرنے کی کوشیں کرتے رہتے ہیں،میں کسی کو گالی نہیں دیتا میں تو حقیقت بتاتاہوں۔

مریم نواز روزانہ باری باری خواجہ آصف،خواجہ سعدرفیق،دانیال عزیز اور طلال چوہدری سے پوچھتی ہیں کہ کیا تم نے عمران خان کو آج گالی دی یا نہیں؟،مجھے گالیاں نہ دینے پر وزارت چھیننے کی دھمکی دی جاتی ہے،مجھے کوئی ایک مثال دیں کہ میں نے یا میری ٹیم نے کسی کی ذات پر بات کی ہو؟،موٹو گینگ ملک کے پیسے سے کرپشن نہیں چھپا سکتے ہیں۔