یونان کی حکومت نے بینکوں کی بندش اور کھاتہ داروں پر یومیہ 60 یورو تک کی رقم اے ٹی ایم مشینوں سے نکالنے کی پابندی کی مدت بڑھا دی ہے۔
یہ پابندی 28جون کو اس وقت لگائی گئی تھی جب یونان کے اپنے قرض خواہوں کے ساتھ مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے اور کھاتہ داروں کا بینکوں پر رش لگ گیا تھا۔
یورپ کے مرکزی بینک نے یونان کے بینکوں کو اس وقت تک مزید مدد فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب تک یونان اپنے قرضے خواہوں کے ساتھ قرضہ اتارنے کے بارے میں کسی نئے سمجھوتے پر نہیں پہنچ جاتا۔
یورو زون کے ملکوں نے یونان کو نئی تجاویز پیش کرنے کیلئے مہلت دے رکھی ہے۔واضح رہے کہ یونان کو دیوالیہ ہونے اور یورو زون سے باہر ہونے سے بچنے کیلئے تیسرے بیل آوٹ پیکیج کی اشد ضرورت ہے۔ یونان کی وزارتِ خزانہ نے بینکوں کی چھٹی کو 31جولائی تک بڑھانے کا اعلان کر دیا۔