وسطی ایشیائی ملک قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان امن مذاکرات شروع ہوگئے،مذاکرات کے پہلے ہی سیشن کے بعد باغیوں نے دھمکی دے دی کہ اگر امن مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ لڑائی جاری رکھیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان امن مذاکرات شروع ہوگئے ہیں ۔روس اور ترکی کی ثالثی سے ہونے والے مذاکرات 23 جنوری کی صبح شروع ہوئے جو (آج ) منگل تک جاری رہیں گے۔ مذاکرات میں برطانیہ، فرانس اور امریکا نے سفارتی سطح پر شرکت کی، جب کہ اقوام متحدہ، روس، ترکی، ایران، شام اور باغیوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
شام امن مذاکرات کے پہلے مرحلے میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان براہ راست مذاکرات نہ ہوسکے کیوں کہ باغیوں نے دمشق کے قریب بعض علاقوں میں حکومتی بمباری کو جواز بناتے ہوئے براہ راست مذاکرات سے انکار کردیا۔
تاہم باغیوں نے شامی حکومت، روس، ترکی اور اقوام متحدہ کے نمائدگان کی موجودگی میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی۔امن مذاکرات کے پہلے مرحلے کے بعد شامی باغیوں کے ترجمان اسامہ ابو زید نے کہا کہ امن مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ان کے پاس لڑائی جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق باغیوں کی جانب سے یہ بیان اس بیان کے بعد دیا گیا جب روس کے وزارت دفاع کی جانب سے یہ کہا گیا کہ ماسکو کے جنگی طیاروں نے مشرقی شام کے علاقے دیر الزور میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔باغیوں کے وفد میں شامل رکن یحی الافریدی کے مطابق شامی حکومت کی جانب سے مذاکرات کے دوران بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور باغیوں کے زیر اثر علاقوں پر بمباری کرنے کی وجہ سے ون آن ون مذاکرات نہیں ہوسکے۔
امن مذاکرات میں باغیوں کے 14 رکنی وفد نے شرکت کی،باغیوں کے وفد کے چیف مذاکرات کار محمد آلوش نے کہا کہ اگر شامی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند نہ کی گئیں تو وہ مذاکرات کے اگلے مرحلے میں شرکت نہیں کریں گے۔اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشار الجعفری نے مذاکرات پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب مذاکرات میں شام کے حکومت وفد کی سربرای اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشر الجعفری کررہے ہیں۔
اقوام متحدہ نے بھی اپنے خصوصی ایلچی برائے شام اسٹافن ڈی مستورا کا بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے ایلچی نے جنگ بندی کے اقدامات کو مزید مضبوط کرنے اور آئندہ ماہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شام امن مذاکرات کے حوالے سے سازگار ماحول بنانے کی کوشش کی۔خیال رہے کہ شام امن مذاکرات کا اگلا مرحلہ آئندہ ماہ جنیوا میں ہوگا، تاہم مذاکرات کے آئندہ مرحلے کی تاریخوں کا تاحال اعلان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان گزشتہ برس دسمبر میں روس اور ترکی کی ثالثی پر جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد 23 جنوری کو ان ہی ممالک کی ثالثی پر امن مذاکرات منعقد ہوئے۔شام میں گزشتہ پانچ سالوں سے خانہ جنگی میں اب تک لاکھوں لوگ ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔