ورلڈ بلائنڈ ٹی 20 کپ کیلئے 20 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

179

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے رواں ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کپ کیلئے 20 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے 17کھلاڑیوں اور تین آفیشلز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایونٹ کیلئے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں بی ون میں عامر اشفاق ‘ ریاست خان ‘ محمد ایاز‘ ساجد نواز‘ ظفر اقبال‘ ادریس سلیم شامل ہیں‘ بی ٹو کیٹیگری میں بدرمنیر‘ انیس جاوید‘ نثار علی (وکٹ کیپر)‘ ایوب خان اور مطیع اللہ جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد جمیل (کپتان) محمد اکرم ‘ ثناء اللہ ‘ محسن خان ‘ محمد اعجاز اور اسرار الحسن شامل ہیں۔

آفیشلز میں عبدالرزاق کوچ‘ حبیب اللہ منیجر اور طاہر محمود بٹ بطور ٹرینر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ طاہر محمود بٹ‘ یوسف ہارون اور عبدالرزاق پر مشتمل تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے تربیتی کیمپ کے بعد ان کھلاڑیوں کے نام حتمی منظوری کیلئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین کو بھجوا دیئے جس کی حتمی منظوری انہوں نے دیدی ہے۔

دریں اثناء چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کیلئے باصلاحیت اور مستند کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ایونٹ میں ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 کپ کی افتتاحی تقریب 29 جنوری کو ہوگی جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 30 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں یکم فروری کو مدمقابل ہوں گی۔

ایونٹ میں پاکستان مجموعی طور پر 9 میچ کھیلے گا۔ سید سلطان حسین شاہ نے کہا کہ گزشتہ ورلڈ ٹی 20 کپ 2012ء میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور فائنل میں انہیں بھارت کے ہاتھوں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان سیمت دنیا بھر سے10ممالک حصہ لیں گے۔