سوئس حکام نے افریقی ملک گیمبیا کے سابق وزیر داخلہ عثمان سونکو کو گرفتار کر لیا ہے۔
جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق عثمان سونکو پر الزام ہے کہ الیکشن میں شکست کھا جانے والے صدر یحییٰ جامع کے وزیر داخلہ کے طور پر انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا۔ اْن کو انسانی حقوق کی تنظیم ٹرائل کی درخواست پر سوئس دارالحکومت برن سے گرفتار کیا گیا۔وہ 2006ء سے 2016ء تک گیمبیا کے وزیر داخلہ رہے ۔سونکو سابق صدر جامع کے انتہائی قریبی اتحادی اور مشیر قرار دیے جاتے تھے۔
سابق صدر نے گزشتہ برس ستمبر میں انہیں وزارت سے سبکدوش کر دیا تھا۔ وہ اپنے ملک سے فرار ہو کر پہلے سویڈن پہنچے تھے، جہاں اْن کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ سویڈن کے بعد وہ نومبر میں سوئٹزرلینڈ پہنچے اور وہاں سیاسی پناہ کے متلاشی تھے۔