بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 16 معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری، دفاع، تونائی اور اقتصادی معاہدے شامل ہیں۔
العربیہ ڈاٹ ٹی وی کے مطابق بھارت اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان ڈیڑھ درجن کے قریب معاہدوں کی منظوری کا اعلان ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید آل نھیان کے حالیہ دورہ بھارت کے دوران کیا گیا۔متحدہ عرب امارات نے بھارت میں پہلے ہی آٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ابو ظہبی اب بھارت میں سرمایہ کاری کرنے والا ایک بڑا ملک سمجھا جاتا ہے۔
اماراتی ولی عہد نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارت، امارات تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ہمارے تعلقات آج سے شروع نہیں ہوئے بلکہ دونوں ملکوں کی تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان صرف تجارتی اور سیاسی نوعیت کے تعلقات نہیں بلکہ دونوں اقوام کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات بھی ہماری تاریخ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ خلیجی اقوام بالخصوص اماراتی قوم کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ بھارتی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر وترقی میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ اماراتی قیادت بھارتی تارکین وطن سے ہمیشہ محبت اور احترام کے ساتھ پیش آتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید آل نہیان کو خصوصی شرکت کی دعوت دی تھی۔ ان کے نئی دلی پہنچنے پر بھارتی قیادت کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔