حسد نے عمران خان کی سیاسی بصیرت کا خاتمہ کردیاہے،سعد رفیق

308

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب ہم مشرف کی آمریت کا مقابلہ کر رہے تھے تو اس وقت عمران خان چندہ اکٹھا کر رہے تھے ، حسد میں عمران  خان کی سیاسی بصیرت ختم ہو گئی ہے ،  2013میں پورا ملک لوڈ شیڈنگ میں ڈوبا ہوا تھا ، کراچی مقتل بنا ہو ا تھا دو دو سو لوگ روزانہ قتل کر دیے جاتے تھے ، نواز شریف کا قافلہ پاکستان کے پرچم کو تھام کر آگے بڑھتا رہے گا۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے اپنے خطاب میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2013میں پورا ملک لوڈ شیڈنگ میں ڈوبا ہوا تھا دہشتگردی کی آگ نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہو تھا کراچی مقتل بنا ہو ا تھا دو دو سو لوگ روزانہ قتل کر دیے جاتے تھے بلوچستان میں آگ لگی ہوئی تھی خیبر پختونخو دہشتگردی کی آگ میں جل رہا تھا ان حالات میں پاکستان کا اقتدار نواز شریف اور ان کی پارٹی کو منتقل ہوا اس وقت پورا ملک زبوں حالی کا شکار تھا خزانہ خالی تھا ہم نے حالات کو بہتر کرے کا عوام سے وعدہ کیا ہم نے وعدے کے مطابق دہشتگردی کا ڈٹ کا مقابلہ کیا آج الحمدوللہ لوڈ شیڈنگ میں کافی تک کمی آچکی ہے دہشتگردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہناتھا کہ نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں گے جس کی پاسداری کی جار ہی ہے پر ہم نے عوام سے یہ بھی وعدہ کیا کہ نواز شریف کا وہ وژن جس کی بنیاد 1992میں رکھی گئی تھی اس کی تکمیل کریں گے تا کہ پاکستان ایک ایسی ریاست کے طور پر سامنے آئے جس کے زمینی اور بحری راستے اور ریل روٹس ہمارے ہمسایہ ممالک تجارت کے لیے استعمال کریں اور پاکستان میں خوشحالی آئے ہم نے کہا تھا کہ کراچی کا امن واپس لائیں گے سیاسی مصلحتوں کا شکار نہیں ہوں گے ہم نے نیک نیتی کے ساتھ کام شروع کیا  اور حاسدین کا حسد بڑھنا شروع  ہو گیا۔

انہوں نے ہمارے کام میں رکاوٹیں کھڑا کرنا شروع کر دیں مگر ہم صبر کے ساتھ اپنے کام لگے رہے ہم نے نواز شریف کی قیادت میں دن رات ملک کی ترقی کے لیے کام کیا مسلم لیگ انتشار کی سیاست پر یقین نہیں  رکھتی ،مسلم لیگ ن نے آمریت کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں آج ہم پر الزام لگانے والے اس وقت جب ہم مارشل لاء کا سامنا کر رہے تھے وہ چندہ اکٹھا کر کے روزی کما رہے تھے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اقتدار کوئی مسئلہ نہیں ہے یہ آنے جانے والی چیز ہے لیکن اس بار سازشیوں کی سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے اکثریت کے فیصلے کو اقلیت کے ذریعے بدلنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے یہ نہیں ہو گا کہ ووٹ نواز شریف کو ملیں اور پالیسی عمران خان بنائے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے خود لکھے ہوئے معاہدوں سے مکر جاتے ہیں ہماری ترقی کی راہ میں بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر ہم آگے بڑھتے رہے خدا کا لاکھ شکر ہے کہ آج ملکی معیشت بہتر ہے ملک میں امن لوٹ آیا ہے کراچی اور بلوچستان کی صورتحال بہتر ہوئی لوڈ شیڈنگ کافی حد تک کم ہوئی ہے اللہ تعالی نے انتخابی بے ضابطگی کے معاملے پر بھی ہمیں سرخرو کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دیانتدار لوگوں کی ٹیم ہے آپ مخالفین کی ذہنی حالت کا اندازہ لگائیں مشرف کی آمریت کے گن گاتے ہیں جلن اور حسد میں عمران  خان کی سیاسی بصیرت ختم ہو گئی ہے سیاست میں کوئی ڈکٹیٹ نہ کرے  نواز شریف کے ساتھ ستاروں کی کہکشاں کی طرح ہیں ہم پر الزام لگانے والے روز موقف بدلتے ہیں ثبوت کیوں نہیں لاتے یہ کہا ں کا انصاف ہے کہ حسین نواز قانونی طریقے سے اپنے والد کو تحفہ دے تو غلط ،جہانگیر ترین اپنے بچوں کو تحائف دے تو صحیح۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم چلتے رہیں گے نواز شریف کا قا فلہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو تھام کر آگے بڑھتا رہے گا پاکستان آگے بڑھے گا خوشحالی کا دور آئے گا سی پیک پر عملدرآمد ہو گا پاکستان کا وقار مذید بڑھے گا لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے پوری طرح چھٹیں گے ادارے پوری طرح کامیاب ہوں گے ان کی سازشیں دم توڑ جائیں گی اور 2018کے انتخابات میں لوگ ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ ن لیگ کو واپس لائیں گے۔