لیگی وزرا دھمکیاں دے رہے ہیں ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں،شاہ محمودقریشی

155

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  ن لیگ کے رہنما اور وزراہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں ،انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں مقدمہ رکھا تو ن لیگ کے طوطے اڑ گئے، جواب نہیں بنتا تو حملہ کرتے ہیں،ہمارے اراکین اسمبلی کو اپنا دفاع کرنا آتا ہے،تحریک انصاف آج عوام کی عدالت میں کل قانون کی عدالت میں جائے گی۔

اتوار کو ساہیوال میں جلسے سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے خواجہ سعد، خواجہ آصف اور عابد شیر علی پر تنقید خوب تنقید کی اور کہا کہ ہمارے دانت توڑنے کی بات کرنے والوں کے اپنے دانت کھٹے ہونے والے ہیں۔ان کا مزید کہناتھاکہ ہم قانون کی عدالت میں جاتے ہیں تو ن لیگ کے وکیل کہتے ہیں ثبوت لاو ، ہم کہتے ہیں کتنے ثبوت لائیں ، ہم مڑ کے دیکھتے ہیں ہر گھر سے قطری خط نکل آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناب اسپیکر ، تحریک انصاف شرافت کی سیاست کی قائل ہے لیکن تمہاری دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونے والا ہے،جب حقائق سامنے آئیں گے سچ جھوٹ ، ظالم مظلوم کا پتہ چل جائے گا ۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ کیا اپوزیشن کے سوال کا جواب دینا چاہیے یا حملہ کرنا چاہیے ، ان سے جواب بنتا نہیں تو حملہ کرتے ہیں ،تحریک انصاف کے ممبران کو اپنا دفاع کرنا آتا ہے ، پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ وہ کہتے ہیں اسمبلی کی اکثریت ان کے پاس ، پولیس ان کے پاس ، وسائل ان کے پاس ہیں ،میں نے تقریر میں کچھ کہا اور پورس کے ہاتھی لپک کر آئے ، دانت بج رہے تھے ، ہاتھ کانپ رہے تھے ، ہم اپنے عزم پر کھڑے ہیں ۔