حکومت پنجاب نے عید الفطر کی آمدسے قبل صوبہ بھر میں تمام عید گاہوں کے راستوں کی فوری تعمیر و مرمت اور پیشگی صفائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔
سیکرٹری محکمہ بلدیا ت و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کی تمام سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹس اور تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشنز کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں کی مرکزی عید گاہوں کے راستوں کا معائنہ کریں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر و مرمت سمیت متعلقہ راستوں سے ناجائز تجاوزات کے خاتمہ اور خصوصی صفائی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔
کمشنر لاہور کی طرف سے گذشتہ روز جاری کئے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نماز عید سے قبل عید گاہوں کے راستوں پر چھڑکاؤ او ر سڑکات و گلیوں کے اطراف چونا ڈالنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ نماز عید کی ادائیگی کیلئے آنے والوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ عید گاہوں کے راستوں میں نکاسی آب کا نظام بھی فوراً درست کیا جائے نیز مزید کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ، کوتاہی یا لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔