ایچ بی ایف سی کو فروخت نہیں ہونے دیں گے،سراج الحق

307

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن جیسے اہم ادارے کو کسی صورت فروخت کرنے نہیں دیا جائے گا ، حکومت موجودہ انتظامیہ اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کرے اہل اور کرپشن سے پاک انتظامیہ لائے ، ایچ بی ایف سی کی شاخیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں جن کا مقصد صارفین کو باآسانی اور بروقت سہولت فراہم کرنا ہے ، ان شاخوں سے قرض جاری کرنے کی سہولت واپس لے کر قرض کا اجراء سینٹرلائزڈ کر دیا ہے موجودہ انتظامیہ کا یہ اقدام عوام دشمنی اور ادارے کو تباہ کر نے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ چیئرمین بورڈ ، ایم ڈی اور ڈپوٹیشن پر تعینات افسران یہ تمام اقدامات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کررہے ہیں تاکہ ایچ بی ایف سی جیسے اہم ادارے کو کوڑیوں کے مول اپنے من پسند افراد کو بیچ کر بھاری کمیشن حاصل کیا جائے ، حکومت ایچ بی ایف سی کو تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ یہ ادارہ اس ملک کے غریب عوام کو چھت مہیا کرنے کا فریضہ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی نبھاتا رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایف سی کے پرانے ملازمین جو اس ادارے کی شہہ رگ ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اس ادارے کو کامیابی سے چلارہے ہیں ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے ، بلاضرورت تبادلے اور غیر اخلاقی رویے جیسے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہراساں کیا جارہاہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایچ بی ایف سی کے قیام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو گھر کی تعمیر اور خریداری میں قرض کی سہولیات مہیا کرنا تھا ۔ یہ ادارہ کئی دہائیوں تک اپنا فریضہ بخوبی نبھاتا رہا اور اسکا شمار سرکاری سرپرستی میں چلنے والے اہم اور منافع کمانے والے اداروں میں ہوتا تھا مگر آج ایچ بی ایف سی کی موجودہ انتظامیہ کی غلط پالیسیوں اور من مانیوں کے نتیجے میں یہ ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈپوٹیشن پر مکمل پابندی عائد ہے مگر ایچ بی ایف سی میں چیئرمین بورڈ نے اپنے من پسند چار افراد کو دس لاکھ سے تیرہ لاکھ ماہانہ تنخواہ پر ایک پرائیویٹ ادارے سے سرکاری ادارے (ایچ بی ایف سی )میں ڈپوٹیشن پر تعینات کر کے ملک تاریخ میں پہلی مثال قائم کردی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایف سی کے موجودہ ایم ڈی پرویز سعید بھی نااہل ثابت ہوئے ہیں انہوں نے اپنے پورے دورمیں نہ کوئی بزنس پلان پیش کیا اورنہ ہی انہیں ہاؤسنگ فنانس کا کوئی تجربہ ہے ، ان کی نااہلی اور شاہ خرچیوں کے نتیجے میں ایچ بی ایف سی آج تباہی کی طرف گامزن ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت وقت ایچ بی ایف سی کی تباہی کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لائے اور اس ادارے کو فروخت کرنے کے بجائے دیانتدار قیادت لائے تاکہ غریب کو چھت مہیا کرنے کا فریضہ روزاول کی طرح جاری رہے۔