حکومت مچھرکالونی اور فشریز ملازمین کے شناختی کارڈ فوری بحال کرے،حافظ نعیم الرحمان

206

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مچھر کالونی کے رہائشی اور فشریز کے ملازمین کے شناختی کارڈ بلاک کرنا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے ۔حکومت بنگلہ زبان بولنے والے محب وطن پاکستانیوں کے ساتھ سوتیلی ماؤں جیسا سلوک بند کرے ،حکومت اور متعلقہ ادارے مچھر کالونی کے رہائشی اور فشریز کے ملازمین کے بلاک شدہ شناختی کارڈ فوری بحال کریں، فشریز کے لاکھوں مزدوروں کا قتل عام بند کیا جائے ، بنگلہ زبان بولنے والوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہا را نہوں نے ادارہ نورحق میں مچھر کالونی علاقہ کے سماجی رہنما جعفر احمد اور ریحان کی قیادت میں مچھر کالونی اور فشریزکے متاثرہ ملازمین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر محبان وطن پاکستان سیل جماعت اسلامی کے کنوینر سید شہزاد مظہر ، جاوید بخاری ایڈوکیٹ ، ساجد عثمانی اور سراج الحق بھی موجود تھے ۔

وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ مچھر کالونی کے رہائشی اور فشری کے ملازمین کے شناختی کارڈ بلاک کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے مزدور پیشہ طبقہ خود کشی کرنے لگا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک نوجوان نے بھوک وافلاس کی وجہ سے خود کشی کرلی ہے لیکن ابھی تک شناختی کارڈ بحال نہیں کیے جس سے لاکھوں فشری کے ملازمین ،بنگلہ اور برمی زبان بولنے والے بے روزگاری کا شکار ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلایا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے مظلوموں اورمحروموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ساتھ دیتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلاک شدہ شناختی کارڈ کا سپریم کورٹ نے سوموٹو ایکشن لیا ہے جماعت اسلامی عوامی نمائندہ کی حیثیت سے فریق بنے گی اور بنیادی اور اہم دستاویز کے حصول تک ہر سطح پر جدوجہد جاری کھی جائے گی۔