پاکستان سیکولر ازم کے لئے نہیں اسلامی نظام کے لیے بنایاتھا،مشتاق احمدخان

248

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان لبرل ازم اور سیکولرزم کیلئے نہیں بلکہ اسلامی نظام کے لیے بنا یاگیاتھاجس کا اظہار بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے کئی خطابات میں کیا ۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت پاکستان کے لیے ہوئی ہے ۔ہم پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ناموس رسالتﷺ کے قانون میں کسی بھی رد وبدل کی کوئی گنجائش نہیں ہے اگر ان میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو جمعیت اتحاد العلماء عوام کو لے کر ہر فورم پر احتجاج کرے گی۔

وہ جامعہ حدیقة العلوم المرکز الاسلامی پشاور میں علماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی صدر جمعیت اتحاد العلماء و سابق ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی ، جنر ل سیکرٹری و سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عطاء الرحمان ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال ،خطیب مسجد مہابت خان مولانا طیب قریشی اور دیگر علماء کر ام بھی موجو دتھے ۔ صوبائی امیر نے ممبرسازی فارم پر دستخط کر کے ممبرسازی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

مشتاق احمد خان نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بہتری کے بہانے جمعہ کی چھٹی کی تھی ۔حکومت قوم کو بتائے کہ جمعہ کی چھٹی ختم کرنے سے کون سی معیشت بہتر ہوئی ۔حکومت فوری طور پر جمعہ کی چھٹی بحال کرائے ۔ انہوںنے کہاکہ مغرب کی خوشنودی کیلئے دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈا شرانگز اور ناقابل برداشت ہے ۔پاکستانی عوام علماء کرام ، مدارس اور مساجد سے محبت کرتے ہیں دہشت گردی اور بدامنی کو مدارس سے جوڑنا مغربی سازش ہے ۔حکومت ریاستی سطح پر مدارس کی دینی خدمات کا اعتراف کرے ۔

امیر جماعت اسلامی خیبرپختون خوا مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو وسعت دی جائے اور اس میں مزید علماء کرام شامل کیے جائیں اور کونسل کے سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔ سود کے خاتمے کیلئے ریاست جلد از جلد اقدامات کریں کیونکہ یہ 1973 کے آئین کے تحت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ آئین کی دفعہ 62 ، 63 امانت ، دیانت ، صداقت اور نیک چال چلن کی بات کرتا ہے اور قرآن وسنت کے ہدایات کے عین مطابق ہے ۔ اس کو چھیڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دیںگے الیکشن کمیشن دفعہ 62 ‘ 63 پر عمل درآمد یقینی بنائے ۔الیکشن کمیشن اس دفعہ کے تحت انتخابات میں حصہ لینے والے سیاستدانوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان بین الاقوامی معاہدوں کے خاتمے اور پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے جبکہ ہماری حکومت ہندوستانی فلموں کوآزادی دے رہی ہے اس پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے ۔یکم فروری سے 28 فروری تک صوبہ خیبرپختونخوا میں علماء ممبرسازی مہم چلائی جارہی ہے جس میں دس ہزار سے زائد علماء کرام کو جمعیت اتحاد العلماء کا ممبر بنایا جائے گا۔اپریل میں علماء کنونشن ہوگا جس میں دس ہزار علماء شریک ہوں گے اور اسلامی نظام کے قیام کے عز م کی تجدید کریںگے۔

مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ یکم تا 28 فروری علماء ممبرسازی مہم چلائی جارہی ہے ۔مارچ اور اپریل میںصوبے کے تمام اضلاع اور ایجنسیز میںعلما ء کنونشن ہوںگے جبکہ 30 اپریل کو عظیم الشان علماء ومشائخ کنونشن ہوگا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ہوں گے ۔کنونشن میں دس ہزار علماء کرام و مشائخ شریک ہوں گے ۔