پشنی میں حساس ادارے کی کارروائی،چار دہشتگردہلاک ، تین گرفتار

181

ڈیرہ بگٹی کے علاقے پشنی میں فرنٹیئر کور اور حساس ادارے کے اہلکاروں کی کارروائی میں چار دہشتگرد ہلاک جبکہ تین کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا ہے ۔ کارروائی میں دہشتگردوں کے چار ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پشنی میں کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی ۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کے زیر استعمال 4 خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں ملکی اور غیرملکی اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق قبضے میں لئے گئے اسلحہ میں 13 مائینز ، 31 آئی ای ڈیز ، 80 دستی بم ، 20 کلو بارودی مواد ، 20 راکٹ ، ہزاروں راؤنڈز ، مواصلاتی آلات اور دیگر تخریبی مواد بھی شامل ہیں ۔ ترجمان کے کہنے کے مطابق ہلاک اور گرفتار دہشتگرد بھتا خوری، اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے، دہشتگرد سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے