کشمیر کی آزادی تک بھارت سے تعلقات ممکن نہیں،سیدعبدالرشید

145

جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید نے کہا ہے کہ5فروری صرف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن نہیں بلکہ یہ دن اس بات کا اعلان ہے کہ تحریک آزادی کشمیر تحریک پاکستان کا تسلسل ہے کشمیر جب تک آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا اس وقت تک پاکستان نامکمل ہے ، پاکستانی کشمیریوں کی اخلاقی حمایت کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پربھی کشمیر کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

وہ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر یکجہتی کشمیرریلی کے سلسلے میں لگائے گئے تشہیری کیمپوں کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے قیم سفیان دلاور ، نائب امیر منصور الرحمن ، نائب قیم ذیشان احمد، پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ ظہور احمد جدون ، نائب امراء زونز سید طاہر اکبر ، عنایت اللہ ، اعجاز نارنجا، اختر سولنگی، ریاض عامر ، مستعجاب احمداور سرفراز احمد بھی موجود تھے ۔سید عبد الرشید نے کہا کہ جماعت اسلامی کے یکجہتی کشمیر ریلی میں ضلع جنوبی سے بڑی تعداد میں افراد شریک ہوکر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کشمیر کی شہ رگ ہے اور ہماری یہ شہ رگ آج بھی دشمن کے قبضے میں ہے اور نواز شریف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں، مودی سے تحائف کا تبادلہ کیا جا رہا ہے ، ہماری شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہو تو یہ کیسے ممکن ہے ہم آرام سے بیٹھ جائیں ، کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم اس لیے نہیں کی کہ آلو پیاز کی تجارت کی جائے فنکاروں کے تبادلے کیے جائیں بلکہ انہوں نے آزادی کے لیے جان کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر قائم نہیں رہ سکتے ہم مذاکرات کے حامی ہیں لیکن ایسے مذاکرات جس میں کشمیری بھی بطور فریق اس میں شامل ہوں اور ایجنڈا صرف مسئلہ کشمیر ہو،انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کے تمام جماعتوں اور حکومت کو متفق کیا ہے کہ کشمیر کے لیے ایک متفقہ پالیسی اختیار کی جائے حکومت جس کی بھی ہو کشمیر پالیسی ایک ہو۔