پشاور اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری،نظام زندگی مفلوج

216

ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی بارش اور صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا جس سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں ۔بارش اور برف باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے کے ساتھ ساتھ بیشتر راستوں کی بندش سے لوگوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں اور برف باری نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا ہے وہیں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے سوات،  مالم جبہ ، چترال ، گلگت بلتستان ، کوہستان اور لوئر دیر میں شدید برف پڑی ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصو ر ہو کر رہ گئے ہیں۔

شدید برف پڑنے سے گلگت ، چترال اور لینڈ سلائنڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بلاک ہوگئی ہے اور شہروں کا دیگرشہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ چترال کے علاقے بلائی چترا میں برفانی تودے گرنے کے خدشے کے باعث ڈی سی کنٹرول روم نے بلائی چترا کے مقام گھت موڑکھو کے مقامی خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور گردو نواح میں رات سے ہونے والی بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوگیا ہے اور بعض شہروں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنادیا ہے تاہم متعدد شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوچکی ہے جس کے بعد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک پولیس، موٹروے اور ہائی وے پولیس نے ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور لائن میں سفر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ خراب موسم کے باعث تمام شہروں کے فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوگئے ہیں۔ بعض شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوگیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر شہروں سمیت خیبرپختونخوا اور فاٹا سمیت گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔