حکومت بھارتی مظالم کو بے نقاب کرکے کشمیر پر دوٹوک پالیسی بنائے،لیاقت بلوچ

143

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلو چ نے لاہور میں ۵ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے پروگراموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پوری قوم ۵ فروری کو کشمیریوں سے بے مثال یکجہتی کا اظہار کرے گی ۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی ، بھارتی ظلم وجبر اور ناجائزقبضہ ناکام ہوگا اور کشمیری عوام حق خود ارایت حاصل کر کے دم لیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیری قوم پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو 70 سال میں کبھی بھی تسلیم نہیں کیا گیا ۔ بھارت کشمیر پر اپنا ناجائز اور سامراجی قبضہ جمائے رکھنے کے لیے چاہے کتنے جھوٹ بولے اور جھوٹے دعوے کرے ،اسے ہمیشہ رسوائی ہی ملے گی ۔ بھارتی حکمرانوں اور برہمنوں کی ضد اور ہٹ دھرمی نے پورے خطہ کے امن اور ڈیڑھ ارب انسانوں کے معیار زندگی کو تباہ کردیاہے ۔صرف ترقی کا عمل ہی مشکلات کا شکار نہیں ہوا بلکہ بیرونی استعماری قوتوں کو بار بار مداخلت کا موقع ملاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت پروفیسر حافظ محمد سعید کو بھارتی و امریکی دباﺅ پر نظر بند رکھنے کی بجائے فوری رہا کرے ۔ عالمی محاذ پر بھارتی چیرہ دستیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے واضح اور دوٹوک کشمیر پالیسی بنائی جائے اور بھارت سے تجارتی ، ثقافتی تعلقات ختم کر کے جامع مذاکرات کو مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے اسلام اور عالم اسلام کے خلاف تازہ اقدامات کے لیے جنرل پرویز مشرف کی طرح جھکنے کی بجائے حقائق اور دلائل سے بات کی جائے ۔ پارلیمنٹ کا فورم مضبوط بنایا جائے ۔