پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کل یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

278

پاکستان ، آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقیم  پاکستانی کل ( اتوار کو) یوم یک جہتی کشمیر منائیں گے جبکہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف کشمیری اتوار کو یوم تشکر منائیں گے ۔ یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان میں عام تعطیل ہوگی  وزیر ا عظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی و آزاد جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ پاکستان بھر میں کشمیریوں کی  حمایت میں پروگرامات ہوں گے ۔

9-kashmir

تفصیلات کے مطابق  یوم یکجہتی کشمیر  کا دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے حقیقی نصب العین اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود کشمیر کے دیرینہ تنازع کے تصفیئے کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔ پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ  آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے تمام  شہروں اور قصبوں میں کشمیریوں کی مشکلات اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کو اجاگر کرنے کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

دن کا آغاز کشمیر کے شہدا ، جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی دعاوں سے ہو گا، جس کے بعد دنیا کی توجہ مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرانے کیلئے عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی اور جلوس منعقد کئے جائیں گے۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ کوہالہ ، منگلا پل اور پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے دوسرے مقامات پر انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی ۔ سنیٹرز ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان ، سیاستدان ، اعلی حکام اور ممتاز شخصیات بھی ان تقریبات میں شریک ہوں گی۔

10-kashmir

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے ارکان اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یادداشت پیش کرینگے جس میں بھارت سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن سمیت پاکستانی الیکٹرانک  میڈیا کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے تمام پہلوؤں پر مبنی خصوصی پروگرام نشرکریں گے۔

ریڈیو پاکستان نے پورے دن کیلئے پروگرام کا اہتمام کیا ہے جو مسئلہ کشمیر کی مختلف جہتوں ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اہم شخصیات کے انٹرویوز پر مبنی ہیں،جبکہ پرنٹ میڈیا بھی اس حوالے سے خصوصی ایڈیشن  اور ضمیمے شائع کریں  گے۔

ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا نے بتایا ہے کہ 5 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا ، پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب ہوں گی۔ دوسرے ملکوں میں مقیم پاکستانی بھی یوم یکجہتی کشمیر کو منائیں گے یہ دن کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی علامت ہے۔

وفاقی حکومت نے اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی و آزاد جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ادھرصدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے تناظر میں قانون ساز اسمبلی و آزاد جموں و کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس5 فروری دن 2:00 بجے بمقام لاجنگ ہال اسمبلی ہاسٹل مظفرآباد طلب کر لیا ہے۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کریں گے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ حریت پسند قیادت  سید علی گیلانی ، میر واعظ اور یاسین ملک نے  پانچ فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منانے پر اس روز یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔