وزیراعظم کوغیرجمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوشش قبول نہیں،راناثنااللہ

230

پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عوام کو جب دوبارہ موقع ملا تو انہوں نے نوازشریف کو ہی منتخب کیا اور اب بھی وہ انہیں غیرجمہوری طریقے سے نکالنے کی کوشش قبول نہیں کریں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دھرنا سیاست کا مقصد نواز شریف کووزیراعظم ہائوس سے نکالنا تھا، نوازشریف کو پہلے بھی عوام سے الگ کرنیکی کوشش کی گئی لیکن وہ مقبول اور جمہوری لیڈر ہیں اور عوام کو جب دوبارہ موقع ملا تو انہوں نے نوازشریف کو ہی موقع دیا جب کہ انہیں  غیرجمہوری طریقے سے نکالنے کی کوشش عوام قبول نہیں کریں گے۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کرکے خود اپنا جنازہ نکال رہے ہیں جب کہ راولپنڈی کے نجومی شیخ رشید بھی فال نکالتے رہتے ہیں، وہ کہتے تھے کہ 2016 میں انتخابات ہوں گے لیکن ان کی پیش گوئی غلط ثابت ہوئی اب وہ اور ان کے ساتھی تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے بڑا فیصلہ آئے گا اور نوازشریف کے خلاف آئے گا یہ کہنا عدالت پر حملہ اور توہین کے مترادف ہے۔