بھارت ڈیم بنا کر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کررہاہے،سرتاج عزیز

217

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان مختلف زیر تعمیر پروجیکٹ پر اختلافات موجود ہیں ۔ کہتے ہیں مختلف ممالک کی جیلوں میں 5229 پاکستانی افراد قید ہیں ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت جاری ہے ۔ مشیر خارجہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا تحریری بیان جمع کرادیا ہے ۔ جمع کرائے گئے بیان کے مطابق سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمے داریاں پوری نہیں کررہا ، جن دریاؤں سے پاکستان کو پانی ملتا ہے بھارت ان دریاؤں پر ڈیم تعمیر کررہا ہے جس پر پاکستان کو تشویش ہے اور اختلاف ہے ۔

سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ کہ پاکستان ایک ذمے دار ایٹمی ملک ہے ، پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمے دار ملک کا کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستان نے نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کی درخواست کی تھی ۔

مختلف ممالک کی جیلوں میں قید پاکستان سے متعلق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جیلوں میں ایک سوچھہتر پاکستانی قیدہیں ، افغان حکام انکےحوالے سے کوئی معلومات نہیں دے رہے۔ بیان کے مطاب ق یمن میں 10 ، کویت میں 235 ، لبنان میں ایک ، عراق میں 277 ، سعودی عرب میں 1800 ، قطر میں 47، عمان میں 601 ، اردن میں 6 ، شام میں 3 ، یو اے ای میں 1963 اور بحرین میں 110 پاکستانی مختلف اقسام کے جرائم کی پاداش میں جیلوں میں قید ہیں ۔