بانی ایم کیوایم کے خلاف ریڈوارنٹ کی منظوری

182

پاکستان نے لندن میں موجود ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین  کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرانے کا فیصلہ کرلیا،وزارت داخلہ نے  ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی درخواست موصول ہونے کے بعد وزارتِ داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ بانی متحدہ پاکستان میں دہشتگردی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے 3 روز قبل الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری مانگی تھی ۔ ایف آئی اے نے کہا کہ الطاف حسین ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں ملوث ہے اس کے علاوہ کئی مقدمات میں مطلوب ہیں ۔ جبکہ عدالت    کا بھی حکم تھا کہ الطاف حسین کو پیش کیا جائے ۔

یاد رہے کہ اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر کیسوں میں مطلوب بانی ایم کیو ایم کی پیشی پر مسلسل غیر حاضری کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آئندہ سماعت پر الطاف حسین کو کسی بھی صورت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے کئے تھے۔

عدالتی احکامات روشنی میں ایف آئی اے نے وزارتِ داخلہ کو بانی ایم کیو ایم کے وارنٹ جاری کرنے کے لیے درخواست ارسال کی تھی جس کے بعد وزارتِ داخلہ نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو 2010میں لندن میں قتل کیا گیا تھا ۔ ان کے قتل کی ایف آئی آر دفعہ 302کے تحت انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی شق 7 کے تحت درج ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ سے اجازت طلب تھی اب الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں امید کی جارہی ہے کہ الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے اور انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے گا۔