حکومت قومی پالیسی کے تحت بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے،لیاقت بلوچ

208

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزی کررہا ہے ، مہنگائی ، بےروز گاری اور کساد بازاری بڑھ رہا ہے بھارت اپنا دفاعی بجٹ بڑھائے جارہا ہے ، ایف بی آر اپنی وصولیوں کے ہدف سے دور بیٹھا ، عام آدمی کی زندگی مشکل ترین اور گنتی کے چند خاندان اسودہ حال ہیں۔کہتے ہیں سیاست میں تشدد کا عنصر خطرناک مستقبل کی نشاندہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں سیمینار سے خطاب اور معززسیاسی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بیرونی اداروں کی اجنبی رپورٹوں پر ملکی اقتصادی ترقی کے دعوے کر رہی ہے ، عملاً قومی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، کساد بازاری بڑھ رہی ہے ،تجارت ، صنعت اور زراعت کا پہیہ نہیں چل رہا ۔ ایف بی آر کو وصولیوں میں تین سو ارب روپے کا خسارہ ہے ، عام آدمی کی زندگی مشکل ترین اور گنتی کے چند خاندان اسودہ حال ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزی کر رہاہے۔ جنگی جنون کے باعث 200 ارب روپے سے جنگی ہتھیاروں کی خریداری اور کشمیریوں پر غاصبانہ قبضہ کے ساتھ مظالم کی انتہا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات کے مقابلہ کے لیے حکومت پاکستان قومی اتفاق رائے پر مبنی حکمت عملی بنائے اور عالمی محاذ پر بھارتی جارحانہ ،ظالمانہ، غیر انسانی اقدامات کو بے نقاب کیا جائے ۔

 لیاقت بلوچ نے بہاولنگر میں پی پی رہنما ، سابق ایم پی اے شوکت بسراکو فائرنگ کر کے زخمی کرنے اور سیکرٹری کے قتل کی شدیدمذمت کی ہے اور کہاہے کہ دہشتگردی کرنے والے بے نقاب کیے جائیں ۔ سیاست میں تشدد ، شدت جذبات ، عدم برداشت اور غیر جمہوری رویے خطرناک مستقبل کی نشاندہی کررہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغان قونصل خانہ کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے سفارتکار کا جاں بحق ہونا بڑا المناک اور خوفناک واقعہ ہے۔ وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور تحقیقاتی ادارے مکمل تفتیش منظر عام پر لائیں ۔ ہم افغان حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں ۔