گلگت‘ نیب افسر پر فائرنگ ‘گھر کو بھی آگ لگادی گئی

312

گلگت ( آن لائن )گلگت بلتستان میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایک افسر کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور جاتے جاتے گھر کے ایک حصے کو بھی آگ لگا دی۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سید مرتضیٰ شاہ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گلگت کے علاقے جوڈیال میں نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن عبدالماجد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ ایس ایچ او کے
مطابق ملزمان نے فائرنگ کھڑکی کے راستے سے کی۔ گولیاں نیب افسر کے بیڈ پر جاکر لگیں، تاہم خوش قسمتی سے عبدالماجد اور اہلخانہ واقعے میں محفوظ رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان جاتے جاتے نیب افسر کے گھر کے ایک حصے کو بھی آگ لگا گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا، ایس ایچ او کے مطابق تحقیقات کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ نیب افسر عبدالماجد گلگت بلتستان میں مختلف کرپشن کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تحقیقات کے نتیجے میں ایک صوبائی سیکریٹری سمیت 5 افسران کو سزا بھی ہوچکی ہے۔