کراچی:جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے الیکٹرک ہیڈآفس کے باہر جمع

224

کراچی میں بجلی کی بدترین بندش کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے زیراہتمام کے الیکٹرک ہیڈآفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔

کراچی میں بجلی کی بدترین بندش کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے زیراہتمام کے الیکٹرک ہیڈآفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کر رہے ہیں ۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے الیکٹرک ہیڈآفس کے باہر جمع ہے ۔ کارکنوں  کی طرف سے کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی جاری ہے ۔

دھرنے کے شرکا نے بڑی تعداد میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر کے الیکٹرک اور انتظامیہ کے خلاف نعرے درج ہیں ۔ مظاہرین نے پلے کارڈز پر پانی دو ، بجلی دو یا پھر کرسی چھوڑ دو ، قاتل کے الیکٹرک ہائے ہائے ، اوور بلنگ ختم کرو کے نعرے لکھ رکھے ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے الیکٹرک کو قانونی کے کٹہرے میں لائے گی ، کے الیکٹرک سے ماضی اور حال کا حساب لیا جائے گا ۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی اور متحدہ کے مفادات کے الیکٹرک سے وابسطہ ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کے الیکٹرک اب خود بھاگنا چاہتی ہے مگر ہم اس کو اب بھاگنے نہیں دیں گے ۔ امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا ہم کے الیکٹرک اور کے الیکٹرک کے حامیوں کا احتساب چاہتے ہیں ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز کاکہنا تھا کے الیکٹرک ایک بھیڑیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں پانی کر بحران پیدا ہوا ۔ کے الیکٹرک کو مسلط کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کے الیکٹرک کا قبلہ درست کیا جائے ، صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف اس کا نوٹس لیں ۔ جماعت اسلامی اسٹیل ملز اور اسٹیٹ بینک کی بجکاری کے خلاف ہے ۔