ہم نے اسپیکر کو ووٹ دیا تھا کرپشن کو نہیں، سراج الحق

203

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی میں جماعت نے ایاز صادق کو ووٹ دیا تھا کرپشن کو نہیں اور چور کو چور کہنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔

اتوار کے روز منصورہ میں منعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ کرپشن فری پاکستان بنائیں۔ انکا کہنا تھا کہ غریب لوگ قانون کی بالادستی تسلیم کرتےہیں لیکن اشرافیہ نہیں کرتی۔

سراج الحق کا کہناتھا کہ احتساب کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی جب کہ سپریم کورٹ میں عوام اور کرپٹ مافیا کے درمیان لڑائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن سسٹم سرمایہ داروں کےلیے ہے ۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکمرانوں کا احتساب ناگزیر ہے اور بدقسمتی سےہمارے حکمرانوں کی نیت ٹھیک نہیں ہے ہمارا سوال سادہ ہے کہ وزیراعظم کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی ہے لیکن حکمران جواب دینے کے بجائے قطری خط پیش کیےجارہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے ایاز صادق کو ووٹ دیا تھا کرپشن کو نہیں جب کہ کسی چور کو چور کہنے میں کوئی برائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ صرف احتساب نہ کرے بلکہ روڈ میپ بھی دے تاکہ سوئس بینکوں میں موجودپاکستانیوں کےکروڑوں ڈالرواپس لائےجائیں۔