سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کا ستون ہے، انتونیو گوٹیریس

160

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کا ستون ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی دارالحکومت الریاض میں وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ” سعودی عرب کا استحکام تبدیلی اور ترقی کی جانب پیش رفت کے لیے ایک زندہ مثال ہے”۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور سعودی عرگب کے درمیان تعاون کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے اس بات زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ رکن ممالک کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہی ہے ۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمن میں انسانی امداد کی تقسیم میں رخنہ ڈالنے کی کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ” ہم تمام یمنی فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی امداد سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں ، اگر انھوں نے ایسا کیا تو اس کی مذمت کی جائے گی”۔

انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ ”یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہے”۔ سیکریٹری جنرل نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ یمن کے حوثی شیعہ باغیوں نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی ایلچی کی مدت کی تجدید نہ کریں کیونکہ وہ ان کی ایران نواز تحریک کے بارے میں متعصبانہ رویہ رکھتے ہیں۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے یمن کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ” ہم نے حوثیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے ساتھ ستر سے زیادہ سمجھوتے کیے تھے لیکن انھوں نے ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں کیا ہے”۔

عادل الجبیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب یمن کو انسانی امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) نے جنگ زدہ یمن کی تعمیر نو کے لیے بھاری رقوم مختص کردی ہیں۔ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے امریکا کے ساتھ شاندار تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک یمن ،شام اور لیبیا کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔