او آئی سی کی بیت المقدس میں اذان پر پابندی کی شدید مذمت

183

اسلامی تعاون تنظیم نے بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے اذان پر پابندی کے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ صہیونی حکومت کو بین الاقوامی قواعد و ضوابط اور قراردادوں پر پابند رہنے اور ان قراردادوں کی مزید خلاف ورزی کرنے سے روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) نے اسرائیلی کابینہ کی جانب سے بیت المقدس کی مساجد میں اذان کی پابندی سے متعلق قرارداد کی منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین نے اس بات کی تاکید کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے پورے دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے جبکہ دوسری جانب یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور قواعد و ضوابط کے بھی خلاف  ہے جن میں واضح طور پر عبادت اور دینی فرائض انجام دینے کی آزادی دی گئی ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے وضاحت کی کہ اس قسم کے نسل پرستانہ قوانین فلسطینی قوم اور مقدس مقامات کیخلاف تجاوز کرنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس قسم کے قوانین کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور قواعد و ضوابط پر پابند بنانے کیلئے اقدامات کرے۔