بھارت کی آزاد کشمیر میں جاسوسی اڑان کھلی جارحیت ہے، لیاقت بلوچ

253

قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہناہے کہ بھارت کی آزاد کشمیر میں جاسوسی اڑان کھلی جارحیت ہے۔ بھارتی حکمران منہ میں رام رام بغل میں چھری کی حکمت عملی پر کارفرما ہیں۔ کنٹرول لائن پر خلاف ورزی بھارتی جارحیت ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ کا لاہور میں  شاد باغ اور چائینہ سکیم میں افطار پروگرام اور مسجد نور الٰہی میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز پر بھارت سے یکطرفہ دوستی کا بھوت سوار ہے اس مرحلہ پر کشمیری قیادت کی ناراضگی اور تحفظات حقائق پر مبنی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام اور کشمیری قیادت کو مطمئن کرے وگرنہ حکومت کی ناعاقبت اندیشی سراسر بھارت کو ہی فائدہ دے گی اور پاکستان حق پر ہونے کے باوجود خسارے کاشکار ہوگا۔

Liyaqat-Baloch-2

 لیاقت بلوچ نے کہاکہ ایران اور امریکہ کے درمیان طویل اور صبر آزما بحران کے بعد ایٹمی پروگرام پر آسٹریا ویانا میں معاہدہ تاریخی حیثیت رکھتاہے جبکہ ایران آزاد اور خود مختار ملک ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ طویل مدت سے ناروا پابندیاں ایران کے عوام کے لیے مشکلات کا باعث تھیں جبکہ اب توقع ہے کہ ایران اسلامی برادری کو بھی اس معاہدہ پر اعتماد میں لے گا اور عالم اسلام میں تحفظات اور خدشات کی بنیاد پر بڑھتی خلیج ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مغربی سرمایہ دارانہ نظام کے پردے میں چھپا سامراجی صیہونی دیو استبداد بے نقاب ہورہاہے۔

قائم مقام امیر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی مظلوم اقوام کو انسانیت دشمن قوتوں کے مقابلہ کے لیے متحد ہونا ہوگا جبکہ سیکولر سرمایہ دارانہ نظام نے غریب اور امیر کے درمیان ہولناک فاصلے پیدا کردیے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ لذت اندوزی کے فلسفہ کی وجہ سے عورت کا بدترین استحصال کیا جارہاہے ۔ اسلام کامل نظام حیات ہے اسلامی نظریہ ہی انسانیت کو بحرانوں سے نجات دلاسکتاہے ۔