پاک فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے،آرمی چیف

134

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گرافغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں دوبارہ منظم ہوکر ہمارے معاشرے میں شکوک و شہبات کو پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ‘ہم سب ملکر ان کوششوں کو ناکام بنائیں گے ‘ پاکستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ‘پاک فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

وہ جمعرات کو مہمند ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے مہمند اور باجوڑ ایجنسی کے دورہ کے دوران فوجی جوانوں اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں ۔آرمی چیف نے گذشتہ روز غلنئی دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت کی۔

آرمی چیف نے گذشتہ روز دھماکے میں کم سے کم جانی نقصان پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے گذشتہ ہفتے افغانستان سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے پر پاک فوج کی جانب سے بروقت اور منہ توڑ جواب دینے کے عمل کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کی بنیاد پاک فوج ‘عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط روابط ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں میں دہشت گرددوبارہ منظم ہو رہے ہیں اور شکوک و شہبات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم نے ملکر ان کی کوششوں کوناکام بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہماری زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو اسکے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن ایجنسیز علاقائی امن و استحکام سے کھیلنا بند کردیں ہم اپنی موجودہ برداشت کی پالیسی کے باوجود جواب دینے کا حق رکھتے ہیں ۔انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ فاٹا کی تعمیر و ترقی بالخصوص سڑکیں ‘ تعلیم‘ صحت اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کے منصوبوں کے لئے پاک فوج کوششیں جاری رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کی پاک فوج مکمل حمایت کرتی ہے ۔کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ ‘آرمی اور ایف سی کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔