آئی سی سی نے مارلون سیموئلز کا باﺅلنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا

164

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر مارلون سیموئلز کے باﺅلنگ ایکشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں باﺅلنگ کرانے کی اجازت دے دی۔ آئی سی سی نے دسمبر 2015ءمیں 24 ماہ کے دوران دو بار باﺅلنگ ایکشن رپورٹ ہونے پر سیموئلز پر ایک برس تک ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں باﺅلنگ کرانے پر پابندی عائد کی تھی۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیموئلز نے ایک سال معطلی کی سزا ختم ہونے کے بعد گزشتہ ماہ 29 جنوری کو آئی سی سی ایکریڈیٹڈ سینٹر میں ٹیسٹ دیا تھا اور ان کی تمام ڈیلیوریز قانونی پائی گئی ہیں جس کی وجہ سے ہم نے ان کے ایکشن کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں باﺅلنگ کرانے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ کیریئر کے دوران سیموئلز کا ایکشن تین بار رپورٹ ہوا، پہلی بار 2008ءمیں ان کا ایکشن مشکوک قرار پایا تھا اور ایکشن کی درستگی کے بعد آئی سی سی نے ستمبر 2011ءمیں انہیں دوبارہ باﺅلنگ کرانے کی اجازت دی تھی، اس کے بعد نومبر 2013ءمیں دوسری مرتبہ ان کے ایکشن پر اعتراض کیا گیا تاہم ٹیسٹ کے بعد انہیں دوبارہ کلیئر قرار دے دیا گیا تھا، اکتوبر 2015ءمیں ان کے ایکشن کو پھر رپورٹ کیا گیا اور دو برس کے دوران دو بار ایکشن رپورٹ ہونے پر انہیں ایک برس کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔