امریکا کی لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش دھماکے کی مذمت

173

امریکا نے سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مدد کی پیشکش کی ہے ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابل احترام مزار پر موجود پر امن عبادت گزاروں پر دہشتگرد حملہ سخت قابل مذمت ہے ۔ بیان میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے ۔

دہشتگردی کا یہ واقعے بھی لاہور ، بلوچستان ، پشاور اور مہمند ایجنسی میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں کی کڑی ہے۔ ہم دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ اور جنوبی ایشیاء کے خطے میں سلامتی کیلئے پر عزم ہیں۔ امریکا پورے خطے میں دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

دریں اثناء امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس کارروائی کو پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی پاکستان دشمنوں کی کوشش قرار دیا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ملکی ترقی کے اقدامات خصوصاً سی پیک کے خلاف ملک دشمنوں کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔