ٹیکس دہندگان کو پرانے تنازعات کے تصفیے کا موقع دیا جائے گا

134

وفاقی حکومت نے ٹیکس دہندگان کو 11 سال پرانے ٹیکس تنازعات حل کرنے کا ایک موقع فراہم کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے ثالثی (آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن) کمیٹیوں کے پاس التوا میں پڑے سال 2005 تک کے متنازع ٹیکس کیسز حل کرنے کا ایک موقع ٹیکس دہندگان کو دیے جانے کا امکان ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے ٹیکس سے متعلقہ تنازعات حل کرسکیں البتہ اس اسکیم کے لیے ایمنسٹی کے الفاظ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

ذرائع  کے مطابق ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں اس مقصد کے لیے فیصلہ کیا گیا تھا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کریں گے لہذا ممبر لیگل کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ہے اوریہ کمیٹی اس بارے میں تفصیلی سفارشات پر مبنی اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور یہ رپورٹ ٹیکس ریفارمز عملدرآمد کمیٹی کے آئندہ اجلاس سے قبل تیار کی جائے گی۔

یہ کمیٹی اپنی رپورٹ میں ایف بی آر کے موجودہ لیگل فریم ورک میں رہتے ہوئے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیوں کے قیام سے متعلق تجاویز پیش کرے گی۔