لیاقت بلوچ کا 23مارچ سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

207

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظریے ، اسلامی تہذیب اور اسلامی قوانین کی حفاظت کے لئے دینی جماعتوں کے متحدہ کردار کے لئے فعال اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی ، غلط پالیسیوں اور بد نیتی پر مبنی ریاستی نظام کی وجہ سے پاکستان دشمن قوتیں دہشتگردی کا نیٹ ورک مضبوط بنا چکی ہیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ میں مذاکرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی 2017 ءمیں اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان کے لیے ملک کو نظریاتی معاشی اور جمہوری کرپشن سے نجات دلانے اور انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کی تیاریوں کے لیے جلسوں ، ریلیوں ، سیمینارز اور 23 مارچ سے بڑی عوامی رابطہ عوام مہم کا آغاز کرے گی ۔ ہماری ترجیح ہے کہ پاکستان میں اسلامی نظریہ ، اسلامی تہذیب ، اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے دینی جماعتوں کے متحدہ کردار کے لیے جماعت اسلامی فعال اور مثبت کردار ادا کرے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں مقتدرطبقہ نے عوام پر راج کیاہے لیکن پاکستان کو جہالت ،غربت ، بے روزگاری اور دنیا بھر میں اپنی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے بدنامی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔غلط پالیسیوں اور بد نیتی پر مبنی ریاستی نظام کی وجہ سے پاکستان دشمن قوتیں دہشتگردی کا نیٹ ورک مضبوط بناچکی ہیں ۔ جماعت اسلامی نااہل و کرپٹ نظام کے مقابلہ میں بہتر حکومت دے گی اور داخلہ ، خارجہ ، معاشی محاذ پر شخصی نہیں قومی مفاد کے لیے اچھے اور بہتر اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں جماعت اسلامی جیسی جمہوری ، اہل اور دیانتدار جماعت ہی ملک کا امیج بہتر کر سکتی ہے ۔

مذاکرہ سے میاں مقصود احمد ، ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی ، مشتاق احمد خان ، عبدالحق ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سیاسی ، معاشی ، سماجی ، امن و امان اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا ۔