وزیراعظم محمد نواز شریف کا عید کے موقع پر پیغام

405

وزیراعظم محمد نواز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں، وسائل سے محروم لوگوں کو اپنے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل کریں اور قوم کی حقیقی اور پائیدار خوشیوں کےلئے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا عہد تازہ کریں۔ عید الفطر پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ وہ عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر تمام عالم اسلام اور خصوصاً اہل پاکستان کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبار ک کا مقدس مہینہ صبر وتحمل کی تربیت کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے۔ ہمیں اس ماہِ مبارک کی برکتوں اور فضیلتوں کو شامل حال رکھنے کے لئے اس ماہ کی تربیت کو اپنے کردارو عمل کا حصہ بنالینا چاہیے۔ عید الفطر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اُس نے ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے نوازا اور روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائی۔ خوشی اور تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں۔ اس روز سعید کا تقاضا یہ بھی ہے کہ ہم اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔ دُوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہی حقیقی خوشی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں اپنے اُن جوانوں اور افسروں کو بھی ضرور یاد ر کھنا چاہیے جو اپنے گھروں اپنے پیاروں سے دور ہمارے تحفظ اور ملکی امن و امان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں دُعا کرنی چاہیے کہ اللہ اُنہیں اس قومی مقصد میں کامیابی عطا فرمائے۔ ہمیں اپنے شہیدوں کو بھی دُعاﺅں میں ضرور یاد رکھنا چاہیے جن کا لہو قوم کی زندگی کی ضمانت بنا۔ شہدائے قوم کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری اجتماعی قومی ذمّہ داری ہے۔عےد کے موقع پر ہمےں شمالی وزےرستان کے متاثرےن کو بھی ےاد رکھنا چاہےے جو قوم کی خاطر عید اپنے گھروں سے باہر کےمپوں میں منائیں گے۔ ہمیں سانحہ پشاور کے اُن معصوم بچوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جن کے لہو نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد اور پُر عزم ہونے کا پیغام دیا۔ ان بچوں کے والدین کا غم ہم سب کا غم ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم ان شہید بچوں کی یاد میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عہد تازہ کرتے ہیں تا کہ قوم کو حقیقی اور پائیدار خوشیا ں حاصل ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حفظ و امان میں رکھے۔ وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرے اور آج کے دن کی خوشی کو قوم کی دائمی خوشیوں میں بدل دے۔