مراد علی شاہ کا لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ناقص سیکیورٹی کا اعتراف

202

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ناقص سیکیورٹی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانتا ہوں درگاہ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی مناسب تعداد تعینات نہیں تھی۔

اتوار کی صبح وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سیہون میں درگاہ لعل شہباز قلندرکا دورہ کیا اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا جس کی جتنی  مذمت کی جائے کم ہے۔ انکا کہناتھا کہ دہشت گرد سرحد پار سے آکر ملک میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیہون میں جن افراد میں نے اشتعال پھیلایا وہ بھی دہشت گردوں کے ساتھی ہیں اور انسانی اعضا کی بے حرمتی کرنے والوں کوباقاعدہ سزا ملے گی جب کہ یہ وقت متحدہونے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کا ہے۔

تحقیقات کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی وڈیو سے کچھ سراغ نکلے ہیں جن کو مد نظر رکھتے ہوئے واقعے میں ملوث دہشت گردوں تک پہنچنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں اور امید ہے تحقیقاتی ایجنسیاں جلد ملزمان تک پہنچیں گی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 88 افراد شہید ہوئے جبکہ زائرین کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوئی جو کہ نوابشاہ ،کراچی اوردیگر علاقوں کے اسپتالوں میں منتقل کیے گئے جہاں انکو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔