آئی پی ایل 2017ء کھلاڑیوں کی نیلامی کل ہو گی

179

رواں برس شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی پیر کو بنگلور میں ہو گی، بین سٹوکس، جیسن روئے، عمران طاہر اور محمدشہزاد توجہ کا مرکز ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیلامی کیلئے مختلف ممالک سے 750 سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی تھی تاہم اسے مختصر کر کے 351 تک محدود کیا گیا ہے جس میں 226 مقامی اور 125 غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

نیلامی میں پہلی بار ایسوسی ایٹ کھلاڑیوں کی بھی بولی لگے گی، ایسوسی ایٹ کھلاڑیوں میں افغانستان کے پانچ اور متحدہ عرب امارات کا ایک کھلاڑی شامل ہے، فرنچائزز کم قیمت کے کھلاڑی بھی خرید سکیں گی جن کیلئے شرح قیمت 30 سے 70 لاکھ کے درمیان ہو گی۔ ہر فرنچائز 9 غیرملکی کھلاڑیوں سمیت 27 کھلاڑیوں کا چناؤ کرے گی۔

واضح رہے کہ ایونٹ 5 اپریل سے 22 مئی تک بھارت کے دس مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا اور آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔