پنجاب میں دہشتگردی کےخلاف رینجرزکی مددلینے کا فیصلہ

200

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں دہشتگردی کےخلاف رینجرزکی مددلینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اتوار کے روز وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دہشت گردے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو پناہ دینے والوں کونہیں چھوڑاجائےگا اور کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کےتمام ذرائع بندکیےجائیں گے جب کہ دہشت گردوں اورسہولت کاروں کےخلاف بےرحمانہ آپریشن ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں دہشتگردی کی روک تھام کے لئے رینجرزکی مدد لی جائے گی جب کہ اس بارے میں لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ رینجرز کو صوبے کے مخصوص علاقوں میں آپریشن کرنے کی اجازت دی جائے گی جب کہ رینجرز آپریشن سے قبل حکومت کو اعتماد میں لینے کی پابند ہوگی۔