وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کے عوام کو دلی عید مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ایک خوشیوں کا تہوار ہے اور مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالی کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے پیش نظر تجارتی مراکز میں رونقیں لوٹ آئیں اور کاروباری مراکز میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اراکین اپنے اپنے حلقوں میں جاکر عوام کے مسائل معلوم کریں اور عید کے تہوار کی خوشیوں میں ضرورتمندوں اور غریب افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا منشور بھی غریب عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا تدارک کرنا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم سب کو مل کر پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عہد کرنا ہو گا۔